ایمز ٹی وی ( تجارت)) تربیلاڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے سے پانی کی قلت کے ساتھ ساتھ بجلی کی پیداوار بھی 40 سے 50 فیصدکم ہوگئی جبکہ منگلاڈیم میں صرف14فٹ پانی باقی رہ گیا۔ ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 1380 فٹ کے ڈیڈ لیول تک رہ گیا اور اب ڈیم میں قابل استعمال پانی صرف60 ہزار کیوسک باقی ہے ، تربیلا میں پانی کی آمد16 ہزار 800 کیوسک اور اخراج16 ہزار کیوسک ہے ۔ آئندہ ہفتے تک تربیلا ڈیم سے صرف اتنا ہی پانی خارج کیا جا سکے گا جتنا پانی ڈیم میں پہنچے گا۔ ان کاکہناہے کہ اگر پانی کی آمد سے زیادہ اخراج کیا گیا تو ہائیڈل پاورسسٹم کو پانی میں موجودگارے کی وجہ سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ڈیڈلیول سے 14 فٹ اوپر ہے ،یہاں پانی کا ذخیرہ 1054 فٹ کی سطح پر ہے جبکہ ڈیڈ لیول 1040 فٹ ہے ،چنانچہ خدشہ ہے کہ اس ڈیم میں بھی2 روزتک پانی ڈیڈلیول کو پہنچ جائیگا،اس وقت منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 26ہزار700اور اخراج20ہزار کیوسک جبکہ قابل استعمال پانی کا ذخیرہ ایک لاکھ 12 ہزار کیوسک ہے۔ دوسری جانب چشمہ ریزر وائرمیں بھی پانی کا ذخیرہ تقریباًختم ہو چکا،یہاں پانی کا ڈیڈ لیول 637فٹ ہے جبکہ اس وقت پانی کی سطح 639 فٹ تک ہے۔حکام نے بتایاکہ دونوں بڑے ڈیموں سے پانی کا اخراج انتہائی کم ہونے کے باعث پن بجلی کی پیداوارصرف ایک ہزار میگاواٹ تک رہ گئی ہے ، جو کہ پانی کی پوری دستیابی پر 5 ہزارمیگاواٹ سے زیادہ ہے،تاہم اب بجلی کی پیداوار کا تمام بوجھ تھرمل اور گیس پاور پلانٹس کو برداشت کرناپڑیگا،اور بجلی کا شارٹ فال 4ہزار میگاواٹ تک پہنچ سکتا ہے ،یہ صورتحال بارشیں نہ ہونے کی صورت میں وسط مئی تک گلیشئرز کے پگھلنے تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے