ایمز ٹی وی(تجارت) ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے والوں کے آڈٹ اور بھاری جرمانے عائد کیے جانے کی دھمکی کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ، ایک ہفتے میں ہی عوام نے دھڑا دھڑ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنا شروع کردیا ہے ، 12 مارچ کو جاری کی جانے والی فعال ٹیکس فائلر کی فہرست میں 15 ہزار 738 افراد کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 10 لاکھ 35 ہزار 835 سے بڑھ کر 10 لاکھ 51 ہزار 573 تک پہنچ گئی ہے ۔
مالی سال 2015 کے مقابلے میں مالی سال 2016 میں اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد نے ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرایا، مالی سال 2015 کے دوران 12 لاکھ 10 ہزار افراد نے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کیا تھا، واضح رہے کہ ایف بی آر تاخیر سے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والے افراد کو نوٹسسز جاری کرنے کے ساتھ کئی افراد کے گوشواروں کا آڈٹ بھی شروع کرچکا ہے جبکہ ریجنل ٹیکس آفس ٹیکس نادہندگان پر جرمانہ عائد کرنے کیلئے پر تول رہا ہے ۔