ھفتہ, 23 نومبر 2024


چارلس سیمونی ایک بار پھر مائیکرو سافٹ کمپنی میں واپس

 

ایمز ٹی وی(تجارت) ایکسل اور ورڈ جیسے پروگرامز تیار کرنے والے چارلس سیمونی ایک بار پھر اپنی پرانی کمپنی مائیکرو سافٹ میں واپس آرہے ہیں۔ چارلس سیمونی نے 2002 میں مائیکرو سافٹ میں چیف سافٹ وئیر آرکیٹیکٹ کا عہدہ چھوڑ کر اپنی کمپنی انٹرنیشنل سافٹ وئیر قائم کی تھی تاکہ پروگرامنگ کو سادہ بنایا جاسکے اور اب مائیکرو سافٹ نے اس کمپنی کو خرید لیا ہے۔ مائیکرو سافٹ نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ چارلس سیمونی کی کمپنی کو خرید رہی ہے تاکہ اپنے ٹولز کو ایڈوانس بنانے میں مدد مل سکے، تاہم اس خریداری کی تفصیلات کو منظرعام پر نہیں لایا گیا۔ چارلس سیمونی نے اس حوالے سے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ' میں مائیکرو سافٹ کا دوبارہ حصہ بننے کے لیے پرجوش اور بے چین ہوں'۔ چارلس سیمونی نے 1981 میں مائیکرو سافٹ میں شمولیت اختیار کی تھی اور مائیکرو سافٹ ورڈ اور ایکسل جیسی پراڈکٹس کی نگرانی کا کام کررہے تھے۔ مائیکرو سافٹ چھوڑنے کے بعد انہوں نے اپنی کمپنی قائم کی، شادی، خلاءکا سفر اور بل گیٹس کے ساتھ کروڑوں ڈالرز کا عطیہ دیا۔ مائیکرو سافٹ نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا ' اپنے دور میں چارلس نے مائیکرو سافٹ کی چند اہم اپلیکشنز کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا اور اب ہم انہیں اور ان کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں'۔ انٹرنیشنل سافٹ وئیر کے کوڈ اور کوڈرز کے حصول سے مائیکرو سافٹ کو اپنے ٹولز کے لیے نئی چیزوں کے اضافے میں مدد ملے گی۔ اس سے پہلے مائیکرو سافٹ نے 26 ارب ڈالرز کے عوض لنکڈن کو خریدا تھا جبکہ سلیک کے مقابلے میں اپنا ورک پلیس چیٹ ٹول بنایا تھا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment