ھفتہ, 23 نومبر 2024


سی این سی اسٹیشن مالکان کی من مانیاں ، گیس پر 10 سے 12 روپے کا ازخود اضافہ

کراچی: سی این جی اسٹیشن مالکان نے گیس کی قیمت میں اضافہ کو جواز بناکر سی این جی کی قیمت میں ازخود اضافہ کردیاہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں سی این جی کی قیمت 10سے 12روپے کلو زائد وصول کی جارہی ہے،صارفین کے مطابق سی این جی اسٹیشن ہفتہ میں 3 دن بند رہتے ہیں اور حالیہ بندش کے بعد کھلنے والے اسٹیشنوں پر اضافی قیمت وصول کی جارہی ہے۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے کو آرڈی نیٹر سندھ بلوچستان شعیب خان جی نے بتایا کہ حکومت نے سی این جی سیکٹر کے لیے قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ کردیا ہے تاہم تاحال سی این جی ایسوسی ایشن نے قیمتوں میں اضافہ کا اثر صارفین تک منتقل نہیں کیا انھوں نے کہا کہ سی این جی کی سابقہ قیمت رواں ماہ کے اختتام تک برقرار رکھی جائیں گی سی این جی سیکٹر کے نمائندے اور ایسوسی ایشن حکام کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں تاکہ سی این جی صارفین کو حالیہ اضافے سے ریلیف دلایا جاسکے۔

شعیب خان جی نے کہا کہ سی این جی کی قیمت میں اضافہ سے خوردہ قیمت 105 روپے تک پہنچ جائے گی جو صارفین کے ساتھ سی این جی کا کاروبار کرنے والوں کیلیے بھی مشکلات کا سبب بنے گی،پیٹرول اور سی این جی کا فرق ختم ہونے سے سی این جی کی فروخت متاثر ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ سی این جی کی قیمت میں اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ ایل پی جی کی قیمت کم کردی گئی ہے جو پورے ملک میں دستیاب نہیں ہے،سی این جی اسٹیشن مالکان نے قیمت میں اضافہ واپس نہ لینے کی صورت میں احتجاج پر غور شروع کردیا ہے اگر گیس کی قیمت کم نہ کی گئی تو ملک گیر ہڑتال کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا جائیگا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment