اسلام آباد: سی این جی اسٹیشن اونرز ایسوسی ایشن نے آج سے سی این جی فی لیٹر کے فارمولے سے فروخت شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سی این جی اسٹیشن مالکان نے فی کلوگرام سی این جی کی قیمت 104 روپے مقرر کردی ہے جبکہ سی این جی اسٹیشن اونرز ایسوسی ایشن نے ہفتے (آج) سے سی این جی فی لیٹرکے فارمولے سے79 روپے میں فی لیٹر کے حساب سے فروخت شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدابخش نے میڈیا کو بتایا کہ وہ سی این جی کی لیٹرمیں فروخت کے لیے اوگرا سے رابطہ کررہے ہیں تاکہ ملک میں سی این جی کی فروخت کلوگرام سے لیٹر میں منتقل کیا جاسکے کیونکہ سی این جی سیکٹرکی بقا بھی لیٹر میں فروخت سے ممکن ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی این جی کی کلوگرام کے بجائے79 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت سے عام صارف کو کوئی فائدہ نہیں جس سے اس بات کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ ملک میں سی این جی کی فروخت اور استعمال میں نمایاں کمی واقع ہوجائے گی جبکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پٹرول کی کھپت دوبارہ بڑھ جائے گی۔