ایمزٹی وی(بزنس)بریگزٹ کے باعث پیداہونے والی صورتحال میں بہتری کی امید پر منگل کو برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں ریکوری دیکھی گئی،گزشتہ روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر ڈیڑھ روپے بڑھنے کے باعث 138.50سے 140روپے ہو گئی تاہم یہ برطانیہ میں ریفرنڈم سے قبل کی سطح سے اب بھی کم وبیش 16روپے کم ہے۔ منگل کو یورو کی قدر بھی 50 پیسے کے اضافے سے 116روپے سے بڑھ کر 116روپے50 پیسے ہوگئی تاہم سرمایہ کاروں کے لیے سیف ہیون جاپانی ین کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی اور ین 1.03181 سے گھٹ کر 1.01877 روپے کا ہو گیا۔ واضح رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑنے کے فیصلے سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت منہ کے بل آگری تھی۔ 23جون کو برطانیہ میں ریفرنڈم سے قبل پاؤنڈ کی قدر 156روپے 20 پیسے اور یورو کی 120روپے 10 پیسے تھی جو تیزی سے تنزلی کے نتیجے میں بالترتیب 136روپے اور115روپے30پیسے تک کم ہو گئی تھیں۔ اوپن مارکیٹ میں منگل کو امریکی ڈالر کی قدر 105 روپے 40پیسے پر برقرار مگر انٹربینک مارکیٹ میں5پیسے کی کمی سے 104روپے88پیسے رہ گئی۔