ایمزٹی وی(بزنس)وفاقی حکومت نے بحرین سے تجارتی تعلقات میں اضافے کے لیے حکمت عملی طے کرلی ہے جس کے تحت رواں سال بحرین میں میڈ ان پاکستان نمائش اور پاک بحرین بزنس آپرچیونیٹی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
کانفرنس پاکستانی سفارت خانے اور بحرینی وزارت صنعت، تجارت و سیاحت کے تعاون سے منعقد کی جائے گی، کانفرنس میں زرعی مصنوعات، حلال گوشت، بینکنگ، کیمیکل، جوتے، فرنیچر، ٹیکسٹائل، زیورات اور پھل و سبزیوں سے متعلق کاروباری مواقع کی نمائش کی جائے گی۔ بحرینی حکومت کے وفد نے انڈر سیکریٹری برائے عرب اور ایفرو ایشیا ڈاکٹر شیخا رانا کی سربراہی میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر سے ملاقات کی، دونوں طرف سے پاکستان اور بحرین کے مابین معاشی تعاون اور تجارت میں اضافے کے لیے حکومتی اور پرائیویٹ سطح پر تعلقات میں مضبوطی لانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ملاقات کے دوران بتایا کہ بحرین میں پاکستانی سفارتخانے میں نیا کمرشل سیکشن قائم کیا جا چکا ہے جہاں آئندہ چند ہفتوں میں کمرشل قونصلر تعینات کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹر شیخا رانا نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ بحرینی اکنامک ڈیولپمنٹ بورڈ کراچی میں اپنا دفتر قائم کرے گا تاکہ پاکستان میں ابھرنے والے معاشی مواقع سے بحرینی سرمایہ کاروں کو بروقت آگاہ کیا جا سکے۔ ملاقات میں پاکستان بحرین بزنس کونسل کے قیام کی بھی تجویز پیش کی گئی۔
بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے بتایا کہ بحرین میں پاکستانی نژاد بحرینی دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی کاروباری کمیونٹی کو سرمایہ کاری میں سہولتیں فراہم کرنا حکومتوں کی اولین ترجیح ہے۔ ڈاکٹر شیخا رانا نے اجلاس کو بتایا کہ بحرین کے لیے پاکستان کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے لگا یا جا سکتا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں بحرینی وزیر خارجہ اور پارلیمنٹ کے اسپیکر پاکستان کا دورہ کریں گے، بحرین کی فضائی کمپنی گلف ایئر سیالکوٹ، لاہور اور دوسرے شہروں میں پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔