ایمزٹی وی(بزنس)قومی بچت کے مرکزی ڈائریکٹوریٹ نے مالی سال 2015-16 کے لیے 218 ارب روپے کا نظرثانی شدہ ہدف حاصل کرلیا۔ واضح رہے کہ جولائی 2015 سے مئی 2016 کے 11 ماہ میں قومی بچت اسکیموں میں 2 کھرب14 ارب 47 کروڑ 56 لاکھ 28 ہزار 541 روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی اور ہدف کے حصول کے لیے جون میں 3ارب50کروڑ روپے کی انویسٹمنٹ درکار تھی۔ سی ڈی این ایس کے مطابق قومی بچت کی اسکیموں پر 30 جون 2016 تک 218 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی، گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں 52 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ پہلی 3 سہ ماہیوں کے دوران 166ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی تھی، اس سے پچھلے سال کی پہلی 3سہ ماہیوں میں 182ارب روپے جبکہ مالی سال 2014-15میں 337 ارب 5کروڑ93 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ قومی بچت کے مرکزی ڈائریکٹوریٹ نے یکم جون 2016 سے مختلف اسکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کی، یہ کمی مارکیٹ کی موجودہ صورتحال اور حکومت کی جانب سے مسابقت کے فروغ کے لیے دی جانے والی پالیسی کے تناظر میں کی گئی۔