ایمزٹی وی(تعلیم)برطانیہ کی معروف کمپنی امپریل کنسلٹنٹ نے پہلی سے بارہویں کلاس کے طالبعلموں کیلئے پڑھانا، مشق اور امتحان کا ایک جدید تعلیمی پورٹل کراچی میں متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے ان کے تعلیمی نصاب کو بچوں کی نفسیات اور ضروریات کے مطابق مختلف مراحل میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
یہ جدید طریقہ روایتی اور فرسودہ طریقہ تعلیم کو یکسر بدل دے گا جس کے باعث مستقبل میں ذہین طالبعلم پیدا کئے جا سکیں گے۔ اس پورٹل کے ذریعے لیکچرز، ہوم ورک، ٹیسٹ اور بے شمار تعلیمی سرگرمیوں کو بذریعہ کمپیوٹر کیا جا سکے گا۔
اس تعلیمی پورٹل کی تقریب رونمائی گزشتہ روز ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری تعلیم سندھ فضل الرحمن پیجوہو تھے جبکہ تقریب میں یمن کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں کے علاوہ تعلیمی اداروں کے سربراہان، پرائیویٹ ٹیچرز ایسوسی ایشنز اور وزارت تعلیم کے اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پورٹل کی پریذنٹیشن دیتے ہوئے امپریل کنسلٹنٹ کی نیہا سید اور ڈاکٹر ایس ایم طاہر نے بتایا کہ یہ پورٹل جس کا نام ’’اکیڈمس‘‘ ہے ، تعلیمی میدان میں ایک انقلاب ثابت ہوگا جو دنیا میں بہت کامیابی سے فروغ پارہا ہے جس کے ذریعے آن لائن ویڈیو ریکارڈنگ سے تعلیمی سرگرمیاں کی جاتی ہیں ۔
اس پورٹل کے ذریعے طالبعلموں کو زیادہ موثر طریقے سے امتحانات کی تیاریاں کرائی جاسکتی ہیں اور اس طرح ٹیوشن کی لاگت کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں عالمی معیار کی تعلیم کیلئے والدین اپنی کمائی کا ایک بہت بڑا حصہ ٹیوشن پر خرچ کرتے ہیں جو اس پورٹل کے ذریعے بچائی جاسکتی ہے۔
اس کے علاوہ پورٹل کے ذریعے اساتذہ اور طالبعلم اہم معلومات کا ڈیٹا بینک بھی محفوظ کرسکیں گے اور آپس میں آن لائن رابطہ رکھ سکیں گے۔ پاکستان کے وہ اسکولز جو برطانوی کمپنی سے رجسٹرڈ ہوں گے، انہیں کورس کی تکمیل کے بعد لیڈرشپ سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا جو ان کے طالبعلموں کی بیرون ملک اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے معاون ثابت ہوں گے۔