ایمزٹی وی(تعلیم)صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول خلدآباد ضلع ملیر کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول کےدورے کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور مناسب سیکیورٹی نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہیڈ مسٹریس اور ڈی اوزکو ہدایت کی کہ وہ اسکول میں نہ صرف صفائی اور سیکیورٹی کو بہتر کریں بلکہ طالبات کے لیے مناسب فرنیچر کا انتظام کریں تاکہ بچیاں ایک بہتر ماحول میں تعلیم حاصل کرسکیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اسکول میں سائنس ٹیچرز کی کمی کو پورا کیا جائے گا ، اسکول انتظامیہ اپنی ضروریات کے بارے میں فوری آگاہ کرے ،انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملحقہ آبادی کے افراد اپنے گھر وں کا کچرا اسکول کے اندر پھینکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے جب تک معاشرے کے تمام افراد صوبے میں تعلیم کی بہتری کے لئے کام نہیں کریں گے ،اس وقت تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں تمام ڈی اوز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ تمام سرکاری اسکولز میں صفائی و سیکیورٹی کے انتظامات کو تسلی بخش بنائیں اور ان تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو بھی اس بات کاپابند بنائیں کہ وہ اس معاملے میں کوئی غفلت نہ برتیں۔ صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی بہتری کے ساتھ تدریسی عملے کی کمی کو پورا کیا جارہا ہے ،جہاں اساتذہ کی کمی ہے وہاں اساتذہ مہیا کیے جائیں گے اورلیبارٹریز کے معیار کو بھی بہتر بنایا جائے گا