ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کے کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2016ء کے نتائج کااعلان کردیا ہے کامرس ریگولر کی پہلی دونوں پوزیشنیں جبکہ کامرس پرائیویٹ کی دوسری اورتیسری پوزیشنیں طالبات نے حاصل کی ہیں۔
ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ کامرس ریگولر کے امتحانات میں 36611 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 36245 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 15836 امیدوار کامیاب قرارپائے اس طرح کامیابی کا تناسب 43.69 فیصد رہاجبکہ کامرس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں 7176امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 6975 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 2762 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 39.60 فیصد رہا -
پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرتجارت شوکت ترین نے کہاہے کہ تمام ترنامساعد حالات کے باوجودانٹربورڈ کے تحت امتحانی نتائج کااجراء قابل تحسین ہے ،حکومت سندھ کوان کے ساتھ بھرپورتعاون کرناچاہیے ، پسماندہ علاقوں کے غریب طالب علموں کانمایاں پوزیشنیں حاصل کرنا نتائج کی شفافیت کی واضح دلیل ہے ، طلباوطالبات ملک وقوم کاقیمتی سرمایہ ہیں،نوجوانوں کواپنی ذمہ داریوں کوازخود احساس کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنے کردار کا انتخاب کرنا ہوگا۔
اس موقع پرچیئرمین بورڈ محمد اخترغوری،ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی، سیکریٹری بورڈ محمد عظیم،کالجز کے اساتذہ، پروفیسرزاورطلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجودتھی۔چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی محمد اخترغوری نے کہا کہ انٹربورڈ کے شفاف نتائج نے تمام سازشی عناصر کو ناکامی سے دوچارکردیا ہے ، انٹربورڈ کراچی تمام تر چیلنجز کا سامنابطریق احسن کررہا ہے جس سے امتحانی عمل اورمعیارتعلیم بہترہورہا ہے ۔ ان کاکہنا تھاکہ بعض نجی تعلیمی اداروں کاکئی برس سے بورڈ سے الحاق نہیں ہے جس کی وجہ سے بچوں کومشکلات کاسامنا کرناپڑرہا ہے -