ایمزٹی وی(کراچی/تعلیم) وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر کی یقین دہانی کے بعد پرائمری ٹیچر ایسوسی ایشن نے احتجاج ختم کر دیا ہے ۔پرائمری ٹیچر ایسوسی ایشن نے پیر کو کراچی پریس کلب کے باہراپنے مطالبات کی منظوری کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا اوروزیر اعلیٰ ہائوس پر دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔
مظاہرے کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر غلام رسول مہر اور دیگر کر رہے تھے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ٹائم اسکیل دیا جائے اور روکی گئی تنخواہیں بحال کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ 2010 میں اساتذہ کو مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔بعد ازاں پرائمری ٹیچر ایسوسی ایشن کے وفد جس میں غلام رسول مہر،سید انار الدین شاہ ،شاہین اختر،محمد اشرف بروہی اور عبدالفتح شامل تھے نے وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں انہیں اپنے مطالبات سے آگاہ کیا جس پر وزیر تعلیم نے انہیں یقین دہانی کرائی کے ان کے مطالبات پر سنجیدگی پر غور کیا جائے گا۔