ایمزٹی وی (تعلیم) وزیراعلیٰ سندھ نے تمام تعلیمی بورڈز کے لیے نئے چیرمین مقررکر دیے ہیں،چیرمین کی تقرری ایک سال سے تعطل کا شکار تھی۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ایک سال سے زیرالتوا سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز میں چیرمین کی تعیناتی کا معاملہ نمٹا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے جاری سرکاری اعلامیہ کے تحت جاری کراچی میٹرک بورڈ کے چیرمین پروفیسرانوراحمد زئی کو ہٹا کر ڈاکٹرسعید الدین کو نیا چیرمین مقرر کردیا گیا ہے اسی طرح انٹر بورڈ کراچی کے چیرمین اخترغوری کی جگہ انعام احمد کو نیا چیرمین مقررکردیا گیا ہے جب کہ سندھ بورڈ اف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں فیصح الدین کو ہٹا کرڈاکٹر مسروراحمد شیخ کو نیا چیرمین بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب اندرون سندھ میں سکھر بورڈ میں غلام مجتبی،لاڑکانہ بورڈ میں ڈاکٹراحمد علی بروہی،حیدرآباد بورڈ میں ڈاکٹرمحمد میمن اور میرپورخاص بورڈ میں برکت علی کو بطورچیرمین تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے تعلیمی بورڈ میں نئے چیرمین کی تعیناتی اس حوالے سے قائم کی گئی سرچ کمیٹی کے سفارش پر تعینات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ صوبے کے تعلیمی بورڈز کے حوالے سی نئے چیرمین کے نام سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کے دورِ حکومت میں سرچ کمیٹی نے بھیجوائے تھے جو سیاسی مصلحتوں کے باعث وزیراعلٰی ہاوس کی ٹیبل کی ہی زینت بنے رہے۔
خیال رہے کہ نئے چیرمین کی سمری سابق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کے داماد اور سابق سیکریٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز اقبال درانی کو بھی ارسال کی گئی تھی تا ہم اقبال درانی تعلیمی بورڈز میں نئے چیرمنیز تو تعینات نہیں کرسکے البتہ ان کی خود اپنی چھٹی ہوگئی تھی