اتوار, 24 نومبر 2024


طلباکوداخلوں میں محتاط رہنے کی ہدایت

ایمز ٹی وی ( تعلیم) صوبہ کی کوئی پرائیویٹ یونیورسٹی کسی کالج یااسٹڈی سینٹرکورجسٹرڈ کرنیکی اہل نہیں،ضروری ہوا توقانون میں ترمیم کی جائیگی ۔ایچ ای سی پنجاب،سرگودھا یونیورسٹی نے اپنے 4 ذیلی اداروں میں داخلے روک دئیے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب نے نجی یونیورسٹیوں کے ساتھ کالجوں کے الحاق پرپابندی عائد کرتے ہوئے والدین ،طلبہ کوداخلوں میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ خلاف ورزی کی صورت میں والدین اورطلبا کو شکایات سیل میں شکایت درج کرانے کا بھی کہاگیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب نے والدین اور طلبا کو متنبہ کیا ہے کہ وہ صوبہ میں مختلف نجی یونیورسٹیوں سے رجسٹریشن اور الحاق کرکے داخلے کرنے والے کالجوں سے محتاط رہیں اور اس بات کی تصدیق ضرور کرلیں کہ کیا موجودہ کالج جس میں داخلہ لیا جارہا ہے کہیں وہ کسی نجی یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ تو نہیں ہے ۔

ایچ ای سی نے یہ اہم فیصلہ کیا ہے کہ آج کے بعد کسی نجی یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالج داخلہ کرنے کا مجازنہیں ہوگا اور اس ضمن میں اگر قانون میں کسی قسم کی ترمیم کرنا پڑی تو کی جائے گی۔ ایچ ای سی نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب کی کوئی پرائیویٹ یونیورسٹی اس قابل نہیں ہے کہ وہ کسی کالج یا سٹڈی سینٹر کو رجسٹرڈ کرے ، لہذا والدین اورطلبا کو کہا گیا ہے کہ اگر کوئی یونیورسٹی ایسا اقدام کرے گی تو شکایت کی صورت میں ان کے ذیلی تعلیمی اداروں پر چھاپے مارے جائیں گے ۔

دریں اثنا یونیورسٹی آف سرگودھا نے خود ہی اپنے چار کیمپسز میں طلبا کو داخلہ لینے سے منع کردیا ہے ۔یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کیمپسز یونیورسٹی کی اجازت کے بغیر داخلے کررہے ہیں لہذا والدین اور طلبا لائلپور کیمپس فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین کیمپس،ویمن کیمپس فیصل آباد اور گوجرانوالہ کیمپس یونیورسٹی آف سرگودھا میں داخلہ لینے سے اجتناب کریں

 
 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment