اتوار, 24 نومبر 2024


تعلیم کا مقصد صرف مادی کامیابی نہیں بلکہ شخصیت سازی ہے

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/اسلام آباد )محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ تعلیم کا مقصد صرف مادی کامیابی کا حصول نہیں بلکہ شخصیت سازی ہے۔ اس سلسلے میں نئی نسل کو قرآن و سنت سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔ بیگم محمودہ ممنون حسین نےیہ بات اسلام آباد ماڈل کالج برائے خواتین کی طالبات سے ایوان صدر میں گفتگو کے دوران کہی۔ اس موقع پر انہوں طالبات کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔ بیگم محمودہ ممنون حسین نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں جلوت اور خلوت ہر حالت میں اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہنا چاہئے۔ اگر کوئی ہم سے تعلق توڑے تب بھی ہمیں تعلق نبھانا چاہئے۔ اگر کوئی ہم سے کچھ چھینے بھی تو ہمیں اسے دینا چاہئے۔ اسی طرح اگر کوئی ہم سے ظلم کرے تو ہمیں معاف کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ان باتوں پر عمل کریں تو نہ صرف اپنے آپ کی اصلاح ہو جائے گی بلکہ ایک معاشرہ تشکیل پاسکے گا جو دوسروں کے لئے مثال بن جائے گا۔ بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ یہ ہماری سماجی اور مذہبی ذمہ داری ہے کہ نئی نسل کی تربیت ایسے طریقے سے کی جائے جو معاشرے کے لئے مفید ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم قرآن و سنت کی تعلیمات کی پیروی کریں تو ایسا معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے جو اقوام عالم کے لئے مثال بن جائے گا۔ خاتون اول نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو ایسی صلاحیتوں سے نوازا ہے جن کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ اپنے آپ کو صحیح راستے پر گامزن کر سکتا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment