ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمدقیصر نے صدر انجمن اساتذہ پروفیسر ڈاکٹر شکیل فاروقی اور ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر خالدعراقی کے ہمراہ جامعہ کراچی میں واقع داخلہ کیمپ کا دورہ کیا ۔ اس موقع ہر ان کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی میں نوواردان کو بہتر سے بہترسہولیات مہیا کرناجامعہ کراچی ضروری خیال کرتی ہے،ڈائریکٹر داخلہ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر خالدعراقی کی جانب سے حسب سابق کامیاب طلبا و طالبات اور والدین کے لئے نشستوں کا انتظام ممکنہ طورپر بہت اچھا کیا گیا تھا اس کے علاوہ طلبہ کی سہولت کے لئے 20انفارمیشن ڈیکس اورہیلپ لائن کا اہتمام قابل تحسین انتظام ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ’’بینک بوتھ‘‘ بھی اسی کیمپ آفس میں قائم کرکے طلبہ کو تمام مطلوبہ سہولت کے ساتھ فیس کی ادائیگی کی سہولت ایک اضافی اور قابل ستائش اقدام ہے جس کی تحسین کی جانی چاہیے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ اس سال صبح کے پروگرام میں بیچلرز اور ماسٹرز پروگرام کیلئے مختلف کلیہ جات میں داخلوں کیلئے 23295فارم جاری کئے گئےجن میں 8222داخلے دیئے گئے ہیں جس میں 1737داخلے بیچلرز پروگرام میں داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر جبکہ 3314داخلے اوپن میرٹ کی بنیاد پر دیئے گئے، اسی طرح 704داخلے ماسٹرزپروگرام میں داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر اور 1967 اوپن میرٹ کی بنیاد پر دیئے گئےجبکہ 500داخلے فارم۔ ڈی (مارننگ وایوننگ ) میں دیئے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں ایوننگ پروگرام میں داخلوں کیلئے 6504داخلہ فارم جاری کئے گئے جبکہ 3538طلبا و طالبات کو داخلے دیئے گئے۔شیخ الجامعہ نے دورے کے دوران طلبہ اور والدین سے بھی داخلوں اوردیگر معاملات پر تفصیلی گفتگو کی جس پر والدین وطلباء نے تمام انتظامات کو سراہتے ہوئے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ داخلوں کے حوالے سے رہنمائی کے علاوہ مشاورت کے لئے بھی جامعہ کا بہ اخلاق عملہ موجود ہے یہ ایک اچھا اقدام ہے۔
واضح رہے کہ داخلوں کے عمل کو پرسکون اورپرامن بنانے کیلئے 20کائونٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں فارم کے حصول سے لیکر جمنازیم ہال میں قائم بینک کائونٹر میں فیس جمع کروانے تک تمام مراحل بحسن وخوبی طے کئے جارہے تھے