ایمز ٹی وی (تعلیم /کوئٹہ ) ایشین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی تھائی لینڈ کے سربراہ گریگوری ایل ایف چوئی نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں مثالی روابط قائم ہیں۔
صوبہ بلوچستان کے ساتھ مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور جامعہ بلوچستان کے توسط سے ان منصوبوں کو مشترکہ طور پر عملی جامہ پہنایا جائے گا،یہ بات انھوں نے گزشتہ روز یونیورسٹی آف بلوچستان کے دورے کے موقع پر جامعہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال سے ملاقات کے موقع پر کہی
انھوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذرائع، سرمایہ کاری کے مواقع اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کو ممکن بنانے سمیت شارٹ کورسز، مقامی زبانوں کی ترویج اور دیگر شعبہ جات میں مشترکہ طور پر تعاون و اشتراک عمل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے وفد کے دورہ جامعہ بلوچستان کو بڑی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایشین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ساتھ اعلیٰ تعلیمی منصوبوں کے مستقبل میں دور رس نتائج برآمد ہونگے۔
جس سے صوبے کے طلباء و طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سمیت مستقبل میں خود مختار اور کامیابیوں کے ساتھ معاشرے میں اپنا مثبت اور اہم مقام بنا سکیں گے انہو ں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ پر توجہ دے رہے ہیں۔وائس چانسلر نے تھائی وفد کو جامعہ بلوچستان کی جانب سے تحائف اور شیلڈ پیش کیں ۔