ایمزٹی وی (تعلیم/ اسلام آباد)مالی سال2017-18کے لئے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 43.8ارب روپے کی کمی کردی ہے۔ جبکہ صحت کے سالانہ بجٹ میں گذشتہ مالی سال کی نسبت 26.6ارب روپے اضافہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں کمی کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 35.7 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال 2016-2017 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے کل79.5 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔اسی طرح مالی سال 2015-16میں 71.5ارب جبکہ مالی سال 2014-15میں اعلیٰ تعلیم کے لئے 63ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔
دوسری جانب مالی سال 2017-18کے دوران حکومت نے صحت عامہ کو ترجیح میں رکھتے ہوئے بجٹ میں خطیر رقم کا اضافہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے بجٹ2017-18میں صحت کے مد میں 49 ارب روپے مختص کیے ہیں جس میں نیشنل ہیلتھ پروگرام کے لیے 10ارب روپے مختص ہوں گے۔جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران بجٹ میں محض22.4ارب مختص کئے گئے تھے۔ جبکہ مالی سال2015-16میں 20ارب ،2014-15میں26.8ارب اور مالی سال2013-14میں صحت کے لئے 21ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔