ایمزٹی وی (تعلیم/ اسلام آباد)چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کا ڈیٹا حساس اداروں کو دیے جانے کے فیصلے کو مسترد کردیا، انہوں نے کہا کہ حساس اداروں سے رابطوں کی وجہ سے طلبہ میں خوف اور بے چینی پھیلے گی۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے جامعہ کراچی کے وی سی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے طلبہ کا ریکارڈ انٹیلی جنس اداروں کو دینے کی خبر دیکھی، طلباکو متعلقہ تھانے سے کریکٹرسرٹیفکیٹ لینے کی خبر بھی دیکھی، ان اداروں کے ساتھ رابطوں پر طلبہ میں خوف اور بے چینی پھیلے گی۔ انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ طلبہ کو انتہاپسندی سے دور رکھنے کیلئے اقدامات ضروری ہیں جبکہ نصاب میں بنیادی تبدیلیاں لانے کی بھی ضرورت ہے، ’ امید ہے آپ میرے خیالات کی روشنی میں اقدامات اٹھائیں گے اور طلبہ یونین بحالی کی سینیٹ کی قراردادپر عمل کیاجائے گا‘۔