ایمز ٹی وی(کراچی/تعلیم) کراچی: جامعہ کراچی نے مالی بوجھ کم کرنے اورکرپشن سے بچنے کیلیے آن لائن داخلے کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق داخلہ کمیٹی کے ارکان کو فارم چیک کرنے سے لیکر جمع کرنے تک تنخواہوں کے علاوہ کروڑوں روپے اداکیے جاتے ہیں جبکہ ہر سال نئے پراسپیکٹس چھپوانے کیلیے نہ صرف65 لاکھ روپے خرچ کیے جاتے ہیں بلکہ داخلوں کیلیے کرائے کے سافٹ ویئر لینے کیلیے جو رقم دی جاتی ہے اس سے جامعہ خود کئی سافٹ ویئرز خرید سکتی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کئی شعبوں میں نشستیں ختم ہونے کے بعد بھی اضافی داخلے دینے کا انکشاف ہوا ہے، اضافی داخلوں کی مد میں لاکھوں روپے اضافی ملتے ہیں،نئی انتظامیہ نے اس بدانتظامی اور کرپشن کو روکنے کیلیے داخلہ نظام کو آن لائن کرنیکا فیصلہ کیا جس کا اطلاق جلد ہی کردیاجائیگا، آن لائن نظام متعارف ہونے سے نہ صرف کروڑوں روپے کی بچت ہوگی بلکہ طلبا کو گھر بیٹھے ایک ہی کلک پر تمام سہولیات میسر ہونگی۔
داخلوں کی فہرستیں بھی آن لائن ہی دستیاب ہوںگی۔ ڈین آف فیکلٹی آرٹس اینڈ سوشل سائنسز اور ڈائریکٹر ایڈمیشن احمدقادری کاکہناہے کہ اگلے ماہ نئی داخلہ پالیسی کا اعلان کردیا جائیگا،تاریخ میں پہلی بار جامعہ کراچی داخلوں کا آن لائن سسٹم متعارف کرنے جارہی ہے، آن لائن داخلہ نظام میں کام جاری ہے، فارم کیسا ہوگا اور کیا کیا کوائف شامل کیے جائیں گے اس کا باقاعدہ اعلان اکیڈمک کونسل کے اجلاس کے بعد کیاجائیگا۔
احمد قادری کا مزید کہنا تھاکہ آن لائن نظام کے تحت طلبا کوگھر بیٹھے ہی تمام سہولتیں میسر ہونگی،طلبا کوباربارجامعہ نہیں آنا پڑے گا،آن لائن داخلہ نظام کے بعد جامعہ کو مالیاتی بچت ہوگی،آن لائن نظام کیلیے31 افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،شہر میں جاری دہشت گردی کی حالیہ لہراوردہشت گروں کے جامعہ کراچی سے ملنے والے تانے بانے کے بعدجامعہ میں مشکوک طلبہ کی جانچ پڑتال کیلیے بھی نئی پالیسی لانے کاامکان ہے