ایمزٹی وی(کراچی/تعلیم)جامعہ کراچی کے طلبہ نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں منعقدہ ایگریکلچر اور فوڈ سائنسز کا مقابلہ بعنوان’’ڈسٹنگویشڈ اینوویشن کو لیبریشن انٹر پرینورشپ فائونڈیشن امریکہ‘‘ جیت لیا ہے۔
مقابلے میں طلبہ نے پلاسٹک اشیاء کے متبادل کے طور پر ماحول دوست آرگینک پلاسٹک متعارف کروایا۔ مذکورہ پلاسٹک زمین میں تحلیل ہوکر زمین کی زرخیزی میں بھی اضافہ کرے گا۔
طلبہ کے وفد میں شعبہ نباتیات اور کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے دودوطلبہ جن میں شعبہ نباتیات کی حراانور اور مریم آصف جبکہ کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے بختیار علی اور فبیحہ عرفان شامل ہیں نے ڈاکٹر اسماء تبسم کی قیادت میں مقابلے میں شرکت کی اور پہلی پوزیشن حاصل کی ۔واضح رہے کہ مذکورہ مقابلے میں 30 جامعات نے شرکت کی اور 126پروجیکٹس پیش کئے گئے۔
مقابلہ جیتے والے طلبہ کو وائس چانسلریونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال ظفر نے ایک لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے جیتنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جامعہ کراچی کے طلبہ مسابقت کے جذبے سے سرشار ہیں اور موقع ملنے پر کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔