ایمز ٹی وی (سندھ/تعلیم ) سندھ کے تمام اسکولوں میں عنقریب سولر سسٹم نصب کیا جائے گا ، اسکولوں میں اساتذہ کی قلت کے پیش نظر سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے زیر انتظام میرٹ پر نئے اساتذہ بھرتی کیے جارہے ہیں . ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر فشریزولائیواسٹاک محمد علی خان ملکانی نے سجاول میں پرائمری اساتذہ یونین کے زیر اہتمام ریٹائر ہونے والے اساتذہ کے اعزاز میں منقعدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ، والدین اور سیاستدان مل کر تعلیم کی تباہی کے ذمدار ہیں لیکن سیاستدان پالیسی میکر ہونے کی وجہ سے تعلیم کی تباہی کے زیادہ ذمدار ہوتے ہیں ۔
انہوں نے کہا محکمہ تعلیم کا بائیو میٹرک نظام ناکام ہو چکا ہے جس کے باعث خود میرے گاؤں کا اسکول بھی بند ہے ـ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی کے معاون خصوصی ریحانہ لغاری نے کہا کہ میری دلی خواہش تھی کہ میں استاد ہوکر بچوں کو پڑ ھاتی رہوں لیکن حالات نے مجھے سیاستدان بننے پر مجبور کردیا ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ اساتذہ کی محنت کے طفیل آج میں اسمبلی کے فلور تک پہنچی ہوں ، لیکن ہمارا یہ المیہ رہا ہے کہ سندھ میں تعلیم دن بدن تباہی کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ تقریب سے پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں ارباب رمیز میمن ، غلام مصطفی لغاری ، غیاث میمن ، اساتذہ یونین کے مرکزی صدر حاجی شفیع محمد سٹھیو رفیق جروار اور دیگر نے بھی خطاب کیا ـ