اتوار, 24 نومبر 2024


میڈیکل کالجزکی فیس وصولی کا طریقہ سپریم کورٹ طے کرے گی

 

ایمزٹی وی(لاہور) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارنے نجی میڈیکل کالجوں کی فیسوں سے متعلق تمام درخواستیں سپریم کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نجی میڈیکل کالجزمیں زائد فیسوں کی وصولی کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نجی میڈیکل کالجزکے چیف ایگزیکٹو اورمالکان عدالت میں پیش ہوئے، فاطمہ میموریل میڈیکل کالج کے چیف ایگزیکٹو اور مالکان پیش نہیں ہوئے، جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ میں نے مالکان اورچیف ایگزیکٹو کو طلب کیا تھا، مجھے آج علم ہوا کہ ہر نجی کالج اپنا میرٹ بنا رہا ہے، پہلے تومیڈیکل کے طالب علم ایک ہی جگہ اسپتال میں مریض دیکھتے تھے۔ چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ کیا آپ اب بسوں میں طالب علموں کو لے جا کرمریض دکھاتے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس قوم کو کچھ واپس کریں۔

چیف جسٹس نے پورے پاکستان میں جہاں بھی میڈیکل کالج فیسوں کے کیس ہیں وہ سپریم کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آج کے بعد فیس وصولی کا طریقہ سپریم کورٹ طے کرے گی وہی وصول کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزچیف جسٹس پاکستان نے نجی میڈیکل کالجزمیں مہنگی فیسوں پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے پرانی تاریخوں میں داخلوں پر پابندی عائد کردی تھی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment