ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ہمدرد یونیورسٹی کے زیر اہتمام پروجیکٹ نمائش و مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے این ای ڈی یونیورسٹی، عثمان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، اقراء یونیورسٹی، پی اے ایف، کراچی انسٹیٹیوٹ آف اکنامک اینڈ ٹیکنالوجی اور سرسید انجینئرنگ یونیورسٹی کے 250 سے زائد طلبہ نے انجینئرنگ اینڈ سائنسز کے 4 موضوعات میں مقابلے کے لیے حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق اس مقابلے میں 110 منصوبوں کو رجسٹرڈ کیا گیا جن میں سے 7 منصوبوں کو مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا اور 50 منصوبوں کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جیتنے والوں کے لیے مختلف کیٹیگری میں مبلغ ایک لاکھ روپے بھی تقسیم کیے گئے۔ ہمدرد یونیورسٹی کے اس پروجیکٹ نمائش و مقابلہ کا بنیادی مقصد طلبہ کو صنعت کے ماہرین کے ساتھ کام کرنے کا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ تقریب میں 50 سے زائد معروف صنعت کاروں کو مدعو کیا گیاتھا۔ اس تقریب کی سب سے اہم بات یونیورسٹی کے بورڈ روم میں ہونے والی صنعت کاروں کی وہ غیررسمی گفتگو تھی جو انہوں نے یونیورسٹی کے اساتذہ سے کی۔
اس سیشن میں انڈسٹری کے ماہرین نے انجینئرنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہمدرد یونیورسٹی سے مستقبل کے تعاون کے لیے رابطے کے فروغ میں اپنی دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔ بعد ازاں اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی اسکائی ٹیک کے ڈائریکٹرنوید انصاری اورمہمان اعزازی انرجی گرڈ کے عرفان احمد نے کامیاب ہونے والے طلبہ میں انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں جبکہ ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے مہمانوں کو خصوصی نشان بھی پیش کیا۔ تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر ولی الدین بھی موجود تھے۔