ایمزٹی وی(کراچی/تعلیم)کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی نے جامعہ کراچی کی موجودہ انتظامیہ کے اساتذہ دشمنی اقدامات اور رویئے کے خلاف منگل 13فروری کو اجلاس عام طلب کر لیا ہے۔
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی جانب سے جاری کئے گئے ایجنڈے میں داخلہ پالیسی کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے جبکہ میڈیکل کے معاملات، اساتذہ کے بلوں کی عدم ادائیگی، تحقیقی گرانٹ، ہائوس الاٹمنٹ، ریفر بیک کیسسز ور دیگر معاملات ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اساتذہ کو بھیجے گئے پیغام کہا گیا ہے کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے اساتذہ کے ساتھ ذلت آمیز سلوک روا رکھا ہے جو ناقابل برداشت ہے چنانچہ تمام اساتذہ اجلاس عام میں شریک ہوں۔
واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی داخلہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار 8ہزار داخلوں کے بجائے 5ہزار سے بھی کم داخلے ہوئے ہیں جبکہ ٹیسٹ میں فیل ہونے والے طلبہ کو داخلہ دے دیا گیا ہے اور اہل طلبہ تاحال داخلے کے لئے دربدر ہیں۔