ایمز ٹی وی(کراچی )گورنر سندھ اور پیٹرن اسریٰ یو نیو رسٹی محمد زبیر نے کہا ہے کہ طلبا و طالبات اپنے تعلیمی دور میں سخت محنت کرتے ہیں اور آج ان کی کامیابیوں کا دن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسریٰ یونیورسٹی کراچی کیمپس میں ہونے والے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے طلباءو طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سب سے پہلے اپنے مقصد کا تعین کریں اور اس کے بعد اس کو حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کریں اور معاشرے کیلئے ایک کارآمد فرد بنیں اور اپنے ملک و قوم کی خدمت کریں۔
انہوں نے اسریٰ یونیورسٹی کی کامیابیوں میں چانسلر ،وائس چانسلراور دیگر لوگوں کے کردار کو بھی سراہا۔ اس موقع پر فیکلٹی آف میڈیکل سائنسزاور فیکلٹی آف الائیڈ میڈیکل سائنسز کے 214 کامیاب طلبا ءو طالبات کو اسناددی گئیں۔ ان میں158 نے بیچلر اور56نے پوسٹ گریجویٹ کی ڈگریاں حاصل کیں۔
طلائی تمغے حاصل کرنے والوں میں نرجس جمیل اور پرنس آکاش شامل ہیں۔ جبکہ امِ فروا، پرنس آکاش ، نرجس جمیل اور سیف اللہ خان کو چاندی کے تمغے دئیے گئے۔جلسہ تقسیم اسناد میں طلباو طالبات کے علاوہ ان کے والدین ‘ اساتذہ اور عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔