ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ این ای ڈی کے شعبہ الیکٹرانک انجینئرنگ کے تحت’’ انٹرنیشنل کانفرنس آن ایمرجنگ ٹرینڈ اِن ٹیلی کمیونیکیشن اور الیکٹرونکس انجینئرنگ‘‘ کے عنوان سے دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔کانفرنس سے ملائیشیا یونی ورسٹی کے ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرعدہ بن ہاشم،ویژن ڈیزائن انجینئر انٹل کارپوریشن (یوکے) ڈاکٹر جہانزیب احمد،ایڈجنٹ پروفیسرلنکوپنگ یونی ورسٹی سوئیڈن کے ڈاکٹر تیڈجانسن،کنوینٹری یونی ورسٹی آف یو کے کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان غنی، ڈین ایف ای، ایس، جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن سیدسمیت دیگر بین الاقوامی ماہرین نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔
اس موقع پرڈی این اے چِپ اور نینو ٹیکنالوجی میں پاکستانی طلبا اور اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کے لیے ایم اویو پر دستخط بھی کیے۔ کانفرنس استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھاکہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقادجہاں محققین کو بہترین پلیٹ فارم فراہم کررہا ہے وہیں مختلف درسگاہوں کے باہمی تعاون سے ترقی کاراستہ بھی کھلتاہے۔
کانفرنس کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ مملکت برائے خزانہ رانا افضل خان کاکہنا تھا کہ جامعہ این ای ڈی میرا فخر ہے، اکیاون برس بعد اپنی جامعہ آیا ہوں۔موجودہ اور سابقہ طالبِ علموں پر زُور دیا کہ وہ اپنے اپنے تعلیمی اداروں کی بہتری میں کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھاکہ انڈومنٹ فنڈ قایم کیا جائے تاکہ ایلمنی اپنے اپنے تعلیمی اداروں کی بہتری میں کردار ادا کرسکیں۔
مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں اگر عوام نے اعتماد کیا تو تعلیم اور صحت کے شعبے میں مزید کام کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تعلیمی بجٹ پینتیس بلین سے بڑھاکر ایک سو آٹھ بلین کیا جب کہ ن لیگ حکومت نے رواں سال گیارہ ہزارطالب علموں کو اسکالر شپ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جامعات کم اور طالب علم زیادہ ہیں جب کہ شہر بھر کی تمام جامعات سمیت جامعہ کراچی کے مسائل بھی حل ہونے چاہیں۔
اس موقع پراپنی حکومت کے آخری بجٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہیں بڑھانے کا معاملہ زیرِ غور ہے جو وقت آنے پر طے کیا جائے گا۔کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین شعبہ الیکٹرونک انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سید عثمان علی شاہ نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے آنے والے دور کے لیے طلبا اور اساتذہ کو تیار رہنے پر زُور دیااورکلیدی مقررین سمیت شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے شیلڈ زبھی تقسیم کی گئیں۔