ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کےوائس چانسلر اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) سندھ کے رکن ڈاکٹر طارق رفیع نے کہا ہے کہ بیسک سائنس میں جنرل جامعات سے ایم فل/ پی ایچ ڈی کرنے والے معاملے کو پی ایم ڈی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے ایجنڈے میں رکھ لیا گیا ہے جو آئندہ ہفتے منعقد ہوگا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ" خود انہوں نے جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر سے کہا تھا کہ وہ ایم بی بی ایس کرنے والے طلبہ کو ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلہ نہ دیں لیکن وہ نہیں مانے۔ اب وہاں سے ایم فل / پی ایچ ڈی کرنے والے ڈاکٹرز پریشانی کا شکار ہیں۔"
ڈاکٹر طارق رفیع نے کہا کہ ہم اس معاملے کو حل کرنا چاہتے ہیں اور ہمیں طلبہ سے ہمدردی ہے خواہش ہے کہ ایم فل/ پی ایچ ڈی کرنے والوں کو انصاف ملے اور پی ایم ڈی سی ان کی سند مان لے تاہم اس کے لئے طریقہ کار وضع کرنا پڑے گا۔ ادارے پر اور طلبہ پر جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے اور ماضی میں ایسا ہوا بھی ہے لیکن حتمی فیصلہ پی ایم ڈی سی کا بورڈ ہی کرے گا۔