Print this page

پروفیسرسلیم الزماں صدیقی کوگزرے27برس ہوگئے

کراچی: پاکستان کے معروف سائنسدان اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی کی27ویں برسی بدھ کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی میں منائی گئی۔

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق ادارے کے سینئر اساتذہ اور اسٹاف نے معروف سائنسدان اور اُستاد کی قبر پر حاضری دی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی، جبکہ مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے بین الاقوامی مرکزمیں خواتین و حضرات کے لئے قران خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے پروفسیر سلیم الزماں صدیقی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علمی حلقوں میں پروفیسر سلیم الزماں صدیقی طبعی اور سماجی علوم میں یکساں طور پر معتبر سمجھے گئے، وہ نہ صرف ایک معتبر سائنسدان بلکہ مستند مصور، شاعر، نقاد، فلسفی اور سائنسی مفکر بھی تھے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی نے ہی معروف تحقیقی ادارے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کی بنیاد جامعہ کراچی میں رکھی تھی۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور وزیر اعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین ا ور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن نے عظیم سائینسدان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی قوم پروفیسر سلیم الزماں صدیقی کی علمی و سائینسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں