کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے سائنس اورجنرل گروپ ریگولرسالانہ امتحانات 2022ء کیلئےانرولمنٹ فارم جمع کرانےکانیاشیڈول جاری کردیاہے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات ہونے کے باعث اسکول سربراہان اور طلباء وطالبات کو سہولت فراہم کرنے کیلئے بغیر لیٹ فیس کے 31دسمبر 2021ء تک انرولمنٹ فارم جمع کرانے کی تاریخ بڑھا دی گئی ہے۔
انہوں نے بورڈ سے الحاق اسکولوں کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد طلباء وطالبات کے انرولمنٹ فارم جمع کرا دیں، تاریخ گزرنے کے بعد نئے شیڈول کے مطابق فارم لیٹ فیس کے ساتھ جمع کئے جائیں گے۔گورنمنٹ اسکول بھی اسی شیڈول کے مطابق بغیر کسی فیس کے انرولمنٹ فارم جمع کرا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بورڈ کو والدین کی طرف سے مسلسل یہ شکایات آرہی ہیں کہ مختلف اسکولز طلباء و طالبات سے بورڈ کے نام پر امتحانی فیسوں کی مد میں زیادہ فیسیں لے رہے ہیں،چیئرمین بورڈ نے ان تمام اسکولوں کو تنبیہ کی ہے کہ اسکول ز ائدامتحانی فیسیں وصول نہ کریں، بورڈ کی طرف سے پہلے ہی انرولمنٹ کی فیس کم کر کے 900 روپے کر دی گئی تھی اور فارم کی فیس صرف 100 روپے مقرر ہے، شکایت کی صورت میں زائد فیسیں لینے والے اسکولوں کی رجسٹریشن ختم کر دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق لیٹ فیس کے ساتھ 3جنوری 2022ء سے 14جنوری تک 200 روپے، 17جنوری سے 28جنوری تک 600روپے،31جنوری سے 11فروری تک 1200روپے،14فروری سے 25فروری تک 1800روپے،28فروری سے 11مارچ تک 2000روپے اورآخری تاریخ گزرنے کے بعد2500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم جمع کئے جائیں گے۔ اسکولوں کے سربراہان کو تاکید کی جاتی ہے کہ فارم کو جمع کرانے کیلئے طلباء وطالبات کو انفرادی طور پر بورڈ آفس نہ بھیجا جائے۔