ایمزٹی وی (تعلیم) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ملازمین کو دومئی تک مستقل کرنے کاحکم جاری کردیا اور خبردار کیا ہے کہ ملازمین کومستقل نہ کیے جانے پرتین مئی کووائس چانسلرپرفردجرم عائد کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ملازمین کومستقل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ وہ 2007ء سے سندھ مدرستہ الاسلام میں ملازمت کررہے ہیں، اٹھارویں ترمیم کے بعد ملازمت پرمستقل کیا جانا تھا لیکن نہیں کیا گیا،2011ء میں سندھ ہائی کورٹ نے بھی مستقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جن پر تاحال عمل درآمد نہ ہوا جس پرعدالت نے وائس چانسلر محمد علی شیخ کو دو مئی تک ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ یونیورسٹی کے ملازمین کو تین مئی تک مستقل نہ کرنے پر وائس چانسلر محمد علی شیخ پر فرد جرم عائد کردی جائے گی۔