Friday, 29 November 2024


رینجرز کے خصوصی اختیارات ختم ہو ئے

ایمزٹی وی(کراچی) سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات اور صوبے میں قیام کی مدت آج ختم ہوگئی لیکن صوبائی حکومت نے اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جب اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

رینجرزاختیارات کا معاملہ ایک مرتبہ پھر سندھ حکومت کی عدم توجہ کا شکار ہوتا نظرآتا ہے، انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات اور صوبے میں قیام کی مدت آج ختم ہوگئی لیکن صوبائی حکومت اس معاملے پر اب تک کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ہے۔

سندھ حکومت نے رینجرز کو 77 دن کے لیے خصوصی اختیارات دیئے تھے اور اب اس کی توسیع کے لیے محکمہ داخلہ نے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی ہے تاہم وزیراعلیٰ کی جانب سے تاحال سمری کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور سہیل انور سیال کو پارٹی قیادت نے دبئی طلب کرلیا ہے اس لیے دونوں جلد آصف زرداری سے مشاورت کے لیے دبئی جائیں گے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سندھ میں رینجرز کے قیام اورانہیں تفویض کردہ خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ سندھ میں امن و امان کی بحالی میں رینجرز نے کلیدی کردارادا کیا ہے لیکن سندھ حکومت نے رینجرز کو تفویض کردہ اختیارات میں توسیع کے معاملے پر ہر بار تاخیر کی، رینجرز کو اختیارات دینے میں تاخیر آپریشن کو متاثر کرے گی اور اس سے سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی پر بھی منفی اثرات ہوسکتے ہیں، اس لئے وزیر اعلیٰ سندھ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کردیں۔

چوہدری نثار کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ رینجرز نے جانوں کی پرواہ کیے بغیر کراچی میں امن عامہ کی صورتحال بہتر بنائی لہٰذا رینجرز کی محنت اور کاوشوں کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے جب کہ رینجرز اختیارات کی توسیع پر وفاقی حکومت اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کرتی رہے گی۔

سندھ میں رینجرز اختیارات پر ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے بھی وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کو ٹیلی فون کیا اور رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے پر تبادلہ خیال کیا

ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ رینجرز کی اندرون سندھ میں کارروائیاں آئین سے متصادم ہیں جس کی تحقیقات ہورہی ہیں جب کہ پولیس ہو یا رینجرز کسی کو بھی اختیارات سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔ لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں کراچی کے حالت بہت خراب تھے لیکن اب کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے جب کہ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا گیا ہے جس کی وجہ پولیس نے بعض کیسز میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی تعریف آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی کی۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ سال سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور کرکے رینجرز کو اختیارات سونپے تھے جس کے تحت رینجرز کو دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمے کے لیے اختیارات حاصل ہیں

 

Share this article

Leave a comment