Friday, 29 November 2024


تعطیلات ہوئی ختم اب ہوگی پڑھائی


ایمزٹی وی(تعلیم)کراچی سمیت سندھ بھر میں موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہوگئی ہیں، جس کے بعد سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں میں درس وتدریس کا عمل بحال ہوگیا ہے۔ نجی اسکولوں میں پہلے ہی روز روایتی گہما گہمی نظر آئی جب کہ بچوں کی بڑی تعداد اپنے دوستوں سے 2 ماہ بعد ملنے پر خوش اور چھٹیوں کے دوران اپنی سرگرمیوں سے متعلق بتانے کے لیے بے تاب نظر آئے۔ سرکاری اسکولوں میں تدریسی عملہ تو حاضر ہوا لیکن طلبا کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی، اساتذہ کا کہنا تھا کہ تعطیلات کے بعدابتدائی دنوں میں طلبہ کی تعداد میں واضح کمی ہوتی ہے جبکہ بچے بھی پڑھنے میں دلچسپی نہیں لیتے۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں درجنوں اسکول تاحال بند ہیں اور انہوں نے یکم اگست سے ہی تدریسی عمل شروع کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔
ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نجی اسکول محکمہ تعلیم کے احکامات پر عمل کریں، احکامات نہ ماننے والے اسکول مالکان کے خلاف کارروائی ہوگی،چند نجی اسکولز کو زبردستی بند رکھا گیا ہے جواسکول بند ہیں انہیں شو کاز جاری کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ میں ہر سال روایتی طور پر یکم جون سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات ہوتی ہیں لیکن رواں برس شدید گرمی کو دیکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے 19 مئی سے 24 جولائی تک سالانہ چھٹیوں کا اعلان کردیا تھا۔

Share this article

Leave a comment