Friday, 29 November 2024


اسکولوں اورکالجوں کی مخدوش عمارتوں کی فہرستیں طلب

ایمزٹی وی(تعلیم)صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر کی زیر صدارت سکھر ڈویژن کے پرائمری، سیکنڈری اسکولز، کالجز اور پرائیویٹ اسکولز کے افسران کے ساتھ اسکولوں اور کالجز کے مسائل اور تعلیم کی بہتری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میںصوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر نے تمام اساتذہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکولوں اور کالجوں کی مخدوش عمارتوں کی فہرستیں بھیجی جائیں،فہرست فراہم نہیں کی گئی اوراسکول یا کالج میں کسی قسم کا حادثہ پیش آیا تو متعلقہ انتظامیہ کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی،

اسکولوں میں اسمبلی کے دوران قومی ترانہ پابندی کے ساتھ پڑھایا جائے ، قومی ترانہ پڑھنے سے ملک و قوم کے متعلق بچوں کی سوچ واضح ہو گی اور ان میں حب الوطنی کا جذبہ اور ملک کے ساتھ سچائی اور ایمانداری کا احساس پیدا ہو گا ، اساتذہ کاپی کلچر کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اس ضمن میں ہم سب کا فرض ہے کہ ہم کاپی کلچر کے خاتمے کے لئے مل کر کام کریں،

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر نے اسکولز اور کالجز کے اساتذہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسکولوں اور کالجز میں وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور اپنے ادارے کی خراب صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکولز اور کالجز کے ایس ایم سی فنڈز کا صحیح استعمال کیا جائے اور اس عمل میں کو ئی بھی کوتاہی یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جام مہتاب حسین ڈھر نے مزید کہا کہ جن اسکولز میں بجلی کا بندوبست نہیں ہے وہاں سولر سسٹم لگائیں جائیں ، انہوں نے اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ اسکولز میں انرولمنٹ بڑھا نے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں اوراسکولز اور کالجز میں کاپی کلچر کے خاتمے کے لئے اساتذہ اور طالبعلموں میں آگاہی پیدا کی جائے ۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اکثر اسکولز میں نئے نصاب کے مطابق کتابیں پہنچادی گئی ہیں جو کہ انرولمنٹ کے حساب سے طلبہ میں تقسیم کر دی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور والدین کو بچوں کی تعلیم وتربیت پر بھرپور توجہ دینی چا ہیے ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ جشن آزادی کی مناسبت سے پورے صوبے میں نصابی اور غیر نصابی مقابلے کرائے جائیں اور بہتر کارکردگی پیش کرنے والے طلبہ اور طالبات میں انعامات تقسیم کئے جائیں تا کہ ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے ، انہوں نے ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز کو بھی ہدایت کی کہ اسکولز کی رجسٹریشن کے قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے اور پرائیویٹ اسکولز میں سندھی مضمون کو لازمی طور پر پڑھایا جائے کیونکہ یہ ایکٹ سندھ اسمبلی میں پاس کرایا جا چکا ہے ، قبل ازیں ڈائریکٹر اسکولز زیب النساء منگی،ڈائریکٹر سیکنڈری اسکولز، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز اور ڈائریکٹر کالجز نے صوبائی وزیر کو اسکولز سے منسلک مسائل کے بارے میں آگاہی دی جس پر صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ تعلیم کے مسائل مشاورت کے بعد فوری حل کئے جائیں گے۔

Share this article

Leave a comment