Friday, 29 November 2024


وزیراعظم نے سرکاری اسکولوں کے ملازمین کے لئےنیاحکم نام جاری کردیا

ایمزٹی وی(تعلیم)وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کی سمری مسترد کر دی

ذرائع کے مطابق وزارت کیڈ نے ڈیلی ویجز ملازمین کوایک پوسٹ پر ایک امیدوار کی تجویز کے تحت مستقل کرنے کی سمری وزیراعظم کو بھجوائی تھی،کابینہ ڈویژن نے بھی ڈیلی ویجز کو ایک پوسٹ پر ایک امیدوار کو ایف پی ایس سی کے ذریعے مستقلی سے متعلق وزارت کیڈ کی تجاویز کی تائید کی تھی تاہم وزیر اعظم نے گزشتہ روز وزارت کیڈ کی تجاویز کو یکسر مسترد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق فنانس ڈویژن نے مالی مشکلات کے باعث نئی اسامیوں پر بھرتیاں نہ کرنے کی تجویز دی تھی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دوسری جانب فنانس ڈویژن نے تمام اسامیوں پر اشتہار دینے کی تجویز دیدی ہے۔ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کی تجاویز کو مان لیا اور عمل درآمد کی ہدایت کی ہے ۔

واضح رہے کہ پی اے سی،سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں نے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دیا تھا،عدالتی حکم پر قائم کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے بھی ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی میں کوئی تفریق نہ کرنے کی سفارش کی تھی۔ ڈیلی ویجز ملازمین کو کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے 2013 میں مستقل کرنے کا حکم دیا،وزارت کیڈ کے حکام کی ذاتی پسند نہ پسند کے باعث معاملہ تا حال لٹکا ہوا ہے۔

Share this article

Leave a comment