Friday, 29 November 2024


یکم ذی الحج اتوار 4 ستمبر اور عیدالاضحیٰ منگل 13 ستمبر کو ہوگی

ایمزٹی وی(کراچی) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا یکم ذی الحج 4 ستمبر جب کہ عیدالاضحیٰ 13 ستمبر بروز منگل کو ہوگی۔

ذی الحج 1437 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا

جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، ماہرین فلکیات، محکمہ موسمیات اور اسپارکو کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی میں ذی الحج کا چاند نظر آنے سے متعلق شہادتیں موصول نہیں ہوئیں۔

اس کے علاوہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ شہروں میں ہوئے تاہم ملک کے کسی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔


سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ سے کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جب کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی لہٰذا متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذی الحج اتوار 4 ستمبر اور عیدالاضحیٰ منگل 13 ستمبر کو ہوگی۔

دوسری جانب بھارت میں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث وہاں بھی عید الاضحیٰ 13 ستمبر کو منائی جائے گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں بھی گزشتہ روز ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ریاستوں میں عید الاضحیٰ پیر 12 ستمبر کو منائی جائے گی

Share this article

Leave a comment