Friday, 29 November 2024


کراچی سمیت پورے ملک میں آزادی ٹرین کا شاندار استقبال


ایمزٹی وی(کراچی)پشاور سے چلنے والی آزادی ٹرین منزل پر پہنچ گئی،


کراچی کینٹ اسٹیشن پر آزادی ٹرین کا استقبال گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کیا۔

آزادی ٹرین کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچی تو ڈھول تاشوں کی گونج میں خوش آمدید کہا گیا، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ڈی ایس ریلوے کے ہمراہ فیتا کاٹ کر پاکستان کے ثقافتی رنگوں سے سجی ٹرین کا استقبال کیا، گورنرسندھ نے ٹرین کے اندر موجود چاروں صوبوں کے رنگ اور عسکری اشیاء کا جائزہ لیا

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کینٹ اسٹیشن پر آزادی ٹرین کا استقبال کیا جوکہ پورے ملک کے 4000 کلومیٹر سفر کے دوران کراچی پہنچی، گورنر سندھ نے ٹرین کی مختلف بوگیوں کا معائنہ کیا اور ملکی ثقافت ، ملی یکجہتی پر مبنی فلوٹس اور دیگر نمائشی اشیاء میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے انہیں سراہا

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آزادی ٹرین قومی و ملی یکجہتی اور مختلف صوبوں کی ثقافت کا حسین امتزاج ہے یہ قومی ہم آہنگی ، رواداری کی بھی آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے ملک میں آزادی ٹرین کا شاندار استقبال پاکستان سے عوام کی والہانہ محبت اور لگائو کا مظہر ہے، انہوں نے کہا کہ ٹرین ملک کی چلتی پھرتی تاریخ ہے اور اس کے شاندار ماضی اور تابناک مستقبل کی بھی عکاس ہے

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد کے ساتھ ساتھ مستقبل کے منصوبوں خصوصاً سی پیک اور قومی اہمیت کے دیگر منصوبوں کی تفصیل سے عوام کو ان کی اہمیت کے بارے میں آگاہی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں سے آگاہ کرنا بھی اشد ضروری ہے یہی وجہ ہے کہ اس ٹرین میں قیام پاکستان ، جدوجہد آزادی، آزادی کشمیر اور علاقائی ثقافت کی بھی بھرپور عکاسی کی گئی ہے

انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے قومی و ملی یکجہتی اولین شرط ہے کیونکہ پاکستان اسی وقت ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوسکتا جب ہم سب متحد قوم بن کر اسے خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کریں ۔

انہوں نے آزادی ٹرین کی کامیابی پر پاکستان ریلویز اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کی کاوشوں کو سراہا ، واضح رہے کہ ٹرین نے 11 اگست کو اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ اس کے 6 ڈبوں میں سندھ ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختون خواہ، گلگت و بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ثقافت کی عکاسی کی گئی ہے جبکہ 6 بوگیاں تحریک پاکستان، جدوجہد کشمیر، مسلح افواج کی خدمات و قربانیوں، مختلف اہم ترقیاتی منصوبوں اور پاکستان ریلویز کی تاریخ سے متعلق ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سراج النعیم اور ڈویژن سپرنٹنڈنٹ ریلوے سندھ نثار احمد میمن بھی موجود تھے

Share this article

Leave a comment