Friday, 29 November 2024


طویل العمری کے راز کا انکشاف سامنے آگیا

ایمز ٹی وی ( صحت) اٹلی کے ایک گاﺅں جہاں ہر دس میں سے ایک سے زائد فرد کی عمر سو سال تک پہنچ چکی ہے، نے طویل العمری کے راز کا انکشاف کیا ہے جو صحت بخش غذا کا استعمال ہے۔ یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ روم کے سپینزا یونیورسٹی اور سان ڈیاگو اسکول آف میڈیسین کی مشترکہ تحقیق کے دوران ماہرین نے چھ ماہ اس بات کو جاننے میں لگائے کہ اسیارولی نامی گاﺅں کے رہائشیوں کی عمریں اتنی طویل کیوں ہوتی ہیں۔

تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ اس گاﺅں کے رہائشیوں کے اندر امراض قلب، ڈیمینشیا اور دیگر امراض کے خلاف قدرتی مدافعت موجود ہے۔ سات سو افراد پر مشتمل اس گاﺅں کے 81 افراد کی عمریں سو سال سے تجاوز کرچکی ہیں اور مقامی افراد کے مطابق اس کی وجہ زیتون کا تیل، سبزیاں، مچھلیاں اور پھلوں کا استعمال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف صحت بخش غذا استعمال کرتے ہیں جو تازہ ہوتی ہے اور اکثر ہم نے خود اگائی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم گوشت کے لیے اپنی مرغیاں اور مچھلیاں پالتے ہیں اور زیتون کے تیل میں ہی غذا کو پکاتے ہیں۔ اس تحقیق کے نتائج کو ایک کانفرنس میں پیش کیا گیا جہاں محققین کا کہنا تھا کہ طویل العمری اور صحت مندی کا انحصار متعدد عناصر پر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس گاﺅں کے لوگ جسمانی طور پر متحرک ہوتے ہیں اور اپنے روزمرہ کے کام خود کرتے ہیں جو جسمانی افعال کو درست رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

Share this article

Leave a comment