Friday, 29 November 2024


ہر بچے کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم فراہم کرنا ہمارا اولین فرض ہے ،مرادعلی شاہ


ایمزٹی وی(کراچی) وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول کام،کام اور کام پر من و عن یقین رکھتا ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر شہری کو اچھا روزگار،ہر بچے کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم اورہر بیمار کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا اولین فرض ہے جس کو ہم پورا کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 68ویں برسی کے موقعے پر اپنی صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنی صوبائی کابینہ کے ہمراہ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلیے مزار پر حاضری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنتوں کا نتیجہ ہے کہ ہمیں یہ خوبصورت ملک پاکستان ملا اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے بانیوں کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ان کے بتائے ہوئے اصولوں کے تحت ملک کی خوشحالی کےلیے دن رات کام کرتے رہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں آج کے دن کے حوالے سے اپنی کابینہ کے ہمراہ آج پھر یہ عہد کرتا ہوں کہ ہمیں جو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے تو ہم بھی اپنی پوری کوشش کریں گے کہ عوام کی بھرپور خدمت کریں۔

میڈیا کے نمائندوں نے ان سے سوال کیا کہ آپ صبح 8بجے سے ہی اپنے آفس آجاتے ہیں اور صبح سویرے ہی تمام سرکاری مشینری کے ساتھ ساتھ آپ نے میڈیا کو بھی متحرک کردیا ہے،اس پر آپ کو کیسا محسوس ہوتا ہے۔

اس سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے مسکرا کر کہا کہ وہ قائداعظم کے سنہری اصول کام،کام اور کام پر من و عن یقین رکھتے ہیں اور اسی پر عمل پیرا ہیں

Share this article

Leave a comment