Friday, 29 November 2024


ہیلمٹ خواتین کی حفاظت کے لیے ضروری، وزیر اعلیٰ سندھ


ایمز ٹی وی(کراچی) وزیر اعلیٰ سندھ نے موٹر سائیکل پر سواری کرنے والی خواتین کے لیے ہیلمٹ پہننے کا حکم صادر کردیا ‘ واضح رہے کہ اس سلسلے میں پہلے ہی قانون موجود ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج بروز جمعہ ہدایات جاری کی ہیں کہ موٹر سائیکل پر سفر کرنے والی خواتین کے لیے ہیلمٹ کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

انہوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ہیلمٹ خواتین کے حفاظت کے لیے ضروری ہے لہذا اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہ برتی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کیلئے ہیلمٹ پہننا لازمی ہے اور موٹر سائیکل چلانے والے شخص کے ساتھ پیچھے بیٹھنے والے خواہ وہ مرد ہو یا عورت دونوں کواپنی سیکیورٹی کے لیے ہیلمٹ پہننا ہوگا، خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف 150روپے سے 300 روپے تک کے چالان کے ساتھ قانونی چارہ جوئی بھی کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی اس حوالے سے شہرِ قائد میں سخت کی گئی تھی اور خواتین کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنی سیکیورٹی کی خاطر ہیلمٹ کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں 60 فیصد اموات موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کی ہوتی ہے، اموات کی بنیادی وجہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا ہوتا ہے، اس لئے ہیلمٹ کا استعمال بہت ضروری ہے۔

دوسری جانب کراچی کے باسیوں کاخیال ہے کہ پابندی سے ناصرف ٹریفک پولیس اہلکاروں کی چاندی ہوگی بلکہ ہیلمٹ کے کاروبار سے وابستہ دکاندار اب من چاہی رقم بٹوریں گے

Share this article

Leave a comment