Friday, 29 November 2024


مائیکروسافٹ نے اسکائپ پریویو کا فیچر متعارف کردایا

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروسافٹ نے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور موبائل کے لیے اسکائپ پریویو کا ایک فیچر متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے صارفین اپنے کمپیوٹر یا ونڈوز فون سے براہ راست ایس ایم ایس ارسال اور موصول کرسکیں گے۔ واضح رہے کہ یہ اسکائپ کی پیڈ سروس کے تحت بھیجے جانے والے ٹیکسٹ میسجز سے بالکل مختلف ہے بلکہ اس فیچر کے ذریعے مفت ایس ایم ایس کیا جاسکے گا۔ اس کے ذریعے صارفین ونڈوز 10 والے کمپیوٹرز سے ایس ایم ایس اور ایم ایم ایس ارسال اور موصول کرسکیں گے جبکہ اس کے ذریعے گروپ چیٹس میں شرکت اور تصاویر کو بھی شیئر کیا جاسکے گا۔

 

مکمل طور پر یہ فیچر آئندہ چند ماہ کے دوران دستیاب ہوگا مگر اب بھی اسے پریویو کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مکمل اطلاق آئندہ چند ماہ میں ہوگا جس کے ساتھ دیگر نئے اضافے بھی کیے جائیں گے۔ تاہم ابھی اسے آزمانے کے لیے ونڈوز اسٹور سے اسکائپ کا نیا ورژن اپ ڈیٹ یا انسٹال کرلیں۔ ونڈوز فون کے صارفین اسکائپ پریویو اوپن کریں اور سیٹنگز میں جاکر ' Make Skype your default messaging app ' کا انتخاب کریں۔ اسی طرح ونڈوز ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر اسکائپ پریویو کھول کر سیٹنگز میں جاکر ' Enable Skype on this device to sync my SMS messages ' پر کلک کریں۔ تاہم ابھی مائیکرو سافٹ نے واضح نہیں کیا کہ یہ فیچر کب تک اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر متعارف کرایا جائے گا یا وہاں پر پیش بھی کیا جائے گا یا نہیں۔ یہ فیچر کئی ماہ پہلے متعارف کرایا جانا تھا تاہم مشکلات کے باعث اسے التواءمیں ڈال دیا گیا تھا اور آخرکار اب اسے پیش کردیا گیا ہے۔

Share this article

Leave a comment