Friday, 29 November 2024


راؤ انوار نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے

ایمز ٹی وی(کراچی) ایس ایس پی ملیر کے عہدے سے ہٹائے جانے والے راؤ انوار نے اپنی معطلی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کے گھر پر چھاپے اور ان کی گرفتاری کے بعد معطلی کا سامنا کرنے والے راؤ انوار نے اپنی معطلی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس کوعدالت نے سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے، راؤ انوار کی معطلی کے خلاف سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمدعلی مظہر کی سربراہی میں دورکنی بینچ کرے گا جو اب سے کچھ دیر بعد ہوگی۔

عدالت میں دائر درخواست میں راؤ انوار کی جانب سے موقف اپنا یا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے گھر پر چھاپہ قانون کے مطابق مارا تھا اور ان کو گرفتار کرنے کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی کو بھی آگاہ کردیا تھا لہذا معطلی کا حکم غیر قانونی دے کر عہدے پر بحال کیا جائے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : خواجہ اظہار گرفتاری کے بعد رہا


واضح رہے کہ راؤ انوار نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن کے گھر پر بھاری نفری کے ہمراہ چھاپا مار کرانہیں گرفتار کرلیا تھا تاہم وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو معطل کردیا تھا۔

Share this article

Leave a comment