Friday, 29 November 2024


مسلم ملک انسانی حقوق سے محروم کشمیر یوں کیلئے آواز بلند کریں،وزیراعظم

ایمزٹی وی(اسلام آْباد) وزیراعظم سے سعودی ولی عہد اورنائب وزیراعظم شہزادہ محمدبن نائف نے ملاقات کی جس کے دوران مسلم دنیا کے اہم ملکوں ،پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات پراطمینان کااظہارکیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب کی سا لمیت کوکسی بھی خطرے کی صورت میں بھرپور حمایت کااعادہ کیا۔ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور نوازشریف نے شہزادہ محمدبن نائف کومقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض فوج کی وجہ سے مقبوضہ کشمیرجیل میں تبدیل ہوچکا ہے،عالمی برادری مسئلہ کشمیر کی سنگینی کومحسوس کرے اور مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل، اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد کیلئے کردارادا کرے۔انہوں نے کہا او آئی سی اور مسلم ملک انسانی حقوق سے محروم کشمیر یوں کیلئے آواز بلند کریں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے حالیہ دھمکی آمیزبیانات سے علاقائی امن وسلامتی کوخطرات لاحق ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے شہزادہ محمدبن نائف کوضرب عضب کی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیاجب کہ ملاقات کے دوران افغانستان ،شام ،عراق اوریمن کی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعظم کے ساتھ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی جبکہ سعودی نائب وزیر اعظم کیساتھ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر اور دیگر بھی موجود تھے۔

Share this article

Leave a comment