Friday, 29 November 2024


2 ماہ میں غیرملکی سرمایہ کاری 53.2 فیصد گر گئی

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ جولائی اوراگست کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 53.2 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 2ماہ کے دوران 24کروڑ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی ) کی گئی تھی تاہم رواں مالی سال کے اسی عرصے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 11کروڑ 26لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے، جولائی اور اگست کے مہینوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد(انفلوز) میں نمایاں کمی کا رجحان رہا، 2ماہ کے دوران ایف ڈی آئی انفلوز 44کروڑ 62لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 17کروڑ 76لاکھ ڈالر رہے جبکہ ایف ڈی آئی کے انخلا(آوٹ فلوز) کی مالیت 20 کروڑ 54لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 6کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی، اس دوران پورٹ فولیو انویسٹمنٹ میں مثبت رجحان دیکھاگیا۔

 

گزشتہ سال جولائی اگست میں پورٹ فولیوانویسٹمنٹ کا انخلا ہوا تھا جس کی مالیت 7 کروڑ 23 لاکھ ڈالر رہی تھی تاہم رواں سال پورٹ فولیو انویسٹمنٹ مثبت 4کروڑ14لاکھ ڈالر رہی جوگزشتہ سال سے 11 کروڑ 38لاکھ ڈالر (157.3فیصد) زائد ہے، غیرملکی نجی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی جمع پورٹ فولیوانویسٹمنٹ) 8.6 فیصد کمی سے 15کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی ، اس طرح 2 ماہ کے دوران پاکستان میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 3.3 فیصد کمی سے 15کروڑ 39لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 15کروڑ 92لاکھ ڈالر رہی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق اگست 2016کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 4کروڑ 83لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ سال اگست کے مہینے میں ایف ڈی آئی کی مالیت 11کروڑ 37لاکھ ڈالر رہی تھی، اگست 2015کے مقابلے میں اگست 2016 کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 1 کروڑ 67لاکھ ڈالر کمی سے 4کروڑ1 لاکھ ڈالر رہی، اگست 2015کے دوران مجموعی طور پر غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے 5 کروڑ 68لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

Share this article

Leave a comment