Saturday, 30 November 2024


وسیم اختر کی رہائی کے لیے سول سوسائٹی کا مظاہرہ

ایمز ٹی وی(کراچی) دو تلوار پر میئر کراچی وسیم اختر کی رہائی کے لیے سول سوسائٹی کی جانب سے مظاہرہ کیا جا رہا ہے،مظاہرین میں وسیم اختر کی اہلیہ نائلہ وسیم اختر بھی شامل ہیں۔

نومنتخب اسیر میئر کراچی سید وسیم اختر کی اہلیہ کی اپیل سول سوسائٹی کے اراکین اور شہر کے عمائدین دو تلوار پر وسیم اختر کی رہائی کے مظاہرہ کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے پلے کارڈز اُٹھا رکھے ہیں جن پر وسیم اختر کی رہائی سے متعلق مطالبات تحریر ہیں،مظاہرین میئر کراچی کے حق میں مسلسل نعرے بازی کر رہے ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا تھا کہ کراچی میگا سٹی ہے جو پہلے ہی کافی گھمبیر مسائل میں گھیرا ہوا ہے بلدیاتی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں،کراچی کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے ایسے میں منتخب میئر کو پابند سلاسل رکھنا اس شہر کے ساتھ ناانصافی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور میئر کراچی کو رہا کر کے کراچی کی خدمت کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے تا کہ نظر انداز شہر کے شہریوں کو صاف پانی،کشادہ سڑکیں اور دیگر بنیادی اور بلدیاتی سہولیات میئسر آسکیں۔

اس موقع پر اسیر میئر کراچی کی اہلیہ نائلہ وسیم اختر نے مظاہرین کا شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے مظاہرہ کرنے کا مطالبہ وسیم اختر کے کیس کی سست روی سے چلنے پر کیا ہے،کیس جھوٹا ہے آئے دن جھوٹی جے آئی ٹی میڈیا میں تو لائی جاتی ہیں لیکن عدالتی کارروائی کو نہیں بڑھایا جاتا۔

انہوں نے حکومت اور ارباب اختیار و اقتدار سے وسیم اکتر کی رہائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی منتخب نمائندے ہیں انہوں نے ایک سال قبل الیکشن یہیں رہتے ہوئے لڑا تھا وہ 12 مئی 2007 کے واقعے کے بعد بھی کہیں مفرور نہیں ہوئے تھے وہ رپوش نہیں ہیں اور ہر مقدمہ کا عدالت میں سامنا کر رہے ہیں اس لیے انہیں ضمانت پر رہا کر کے شہریوں کی خدمت کا موقع دیا جائے

Share this article

Leave a comment