Friday, 29 November 2024


محمد علی جناح یونیورسٹی میں خیرمقدمی پارٹی کا انعقاد


ایمزٹی وی(تعلیم)محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدرپروفیسرڈاکٹرزبیرشیخ نے کہاہے کہ یونیورسٹی میں نتیجہ خیزتعلیمی سرگرمیوں کوجاری رکھنے کے پروگرام کے تحت آئندہ سال کے دوران محمد علی جناح یونیورسٹی کے کچھ کورسز کو ممتازبین الاقوامی یونیورسٹیوں کے کورسز کے ساتھ ہم آہنگ کردیاجائے گاتاکہ ہمارے طلبہ اعلیٰ معیارکی تعلیم حاصل کرنے کے بعد نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ بیرون ملک جاکربھی اپنی بہترین صلاحیتوں کامظاہرہ کرسکیں۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ شام یونیورسٹی کی بزنس ایڈمنسٹریشن سوسائٹی کے زیراہتمام سیمسٹر فال2016ء میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ کے اعزاز میں دی جانے والی خیرمقدمی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں طلبہ اوراساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پرموسیقی اورڈرامہ کے پروگرام بھی پیش کیے گئے ۔ڈاکٹر زبیرشیخ نے یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ سے کہاکہ یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم شروع کرنا ان کے لیے ایک نیا تجربہ ہوگا،یہاں انہیں ہر طرح کے استاد میسر ہونگے جن سے وہ بہتر سے بہتر استفادہ کرسکتے ہیں جس کے لیے انہیں اپنی تعلیم پر پوری توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال شروع ہونے والے ہمارے نئے سیمسٹر سے بی ای الیکٹریکل، بی ایس میڈیا سائنسز اور بی ای کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ کے نئے ڈگری پروگرام شروع کیے جارہے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ یونیورسٹی میں نئی لیب بنانے کے ساتھ ساتھ کلاس رومز کو جدید سہولتوں سے آراستہ کررہے ہیں جن میں طلبہ کو لیپ ٹاپ کی سہو لت بھی حاصل ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ امور کے ڈائریکٹر احمر عمر نے کہا کہ محمد علی جناح یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کی غیر نصابی سرگرمیوںمیں حصہ لینے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جس کے لیے بہت جلد طلبہ سوسائٹیوں کے قیام کا اعلان کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے طلبہ شہر کی دیگر یونیورسٹیوں میں منعقد ہونے والے کھیلوں، موسیقی، ڈراموں، تقریری، معلومات عامہ ،نعت گوئی، قرات ، ادبی اور دیگر مقابلوں میں حصہ لے کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ سوسائٹیوں کے ممبر بن کر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرسکتے ہیں۔

Share this article

Leave a comment