Friday, 29 November 2024


بھارتی بولرز کا جادو سر چڑ کے بولنے لگا

ایمز ٹی وی (کھیل) کولکتہ ٹیسٹ میں بھونیشورکمار نے کیوی بیٹنگ لائن کی خامیاں عیاں کر دیں، پیسر کی عمدہ کارکردگی بھارتی ٹیم کو میچ میں مضبوط پوزیشن میں لے آئی۔ مہمان ٹیم جوابی اننگز میں 128 رنز پر7وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات کا شکار ہوگئی، اسے ابھی 188رنز کے خسارے کا سامنا ہے، اس سے قبل میزبان سائیڈ نے 316 کا مجموعہ ترتیب دیا، وردھیمان ساہا نے ناقابل شکست ففٹی بنائی، ہنری نے 3 جبکہ ویگنز ، بولٹ اور پٹیل نے2،2 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق کولکتہ ٹیسٹ کا دوسرا دن بھارتی ٹیم کے نام رہا،کیوی ٹیم نے جوابی اننگز میں 128رنز پر7و کٹیں گنوا دیں، قائم مقام کپتان روس ٹیلر 36 اور لیوک رونکی 35رنز بناکر نمایاں رہے، لیفٹ آرم اسپنر جڈیجا نے رونکی کی مزاحمت ایل بی ڈبلیو سے ختم کی، البتہ ٹی وی ری پلے کے مطابق گیند لیگ اسٹمپ مس کررہی تھی، مارٹن گپٹل13 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے جبکہ بریڈلے جون واٹلنگ 12 پر ناٹ آؤٹ ہیں، وکٹ کے دوسرے اینڈ پر موجود جیتن پٹیل 5رنز بنا پائے ہیں۔

بھارتی پیسر بھونیشور کمار نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 33 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، محمد شامی اور رویندرا جڈیجا نے ایک ایک وکٹ لی، ایشون 5 اوورز میں 23 رنز دینے کے باوجود کسی کو آؤٹ نہ کر پائے۔

اس سے قبل میزبان ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز کو239-7 سے آگے بڑھایا،وردھیمان ساہا اور رویندرا جڈیجا کے درمیان آٹھویں وکٹ کیلیے 41رنز کی شراکت سے اسکور 272 تک پہنچا، اس موقع پرجڈیجا 14رنزبناکر ویگنر کی گیند پر ہنری کا کیچ بن گئے۔

بھونیشور کمار (5) کا وکٹ پرقیام مختصررہا، انھیں مچل سینٹنر نے ایل بی ڈبلیو کیا، ساہا نے شامی کیساتھ آخری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 35 رنزجوڑکرٹیم کا مجموعہ 316 تک پہنچا دیا، شامی 14 رنزبناکر بولٹ کی گیند پر ہنری کے ہاتھوں دبوچے گئے، ساہا 54 پرناقابل شکست رہے، یہ ان کی یہ تیسری ٹیسٹ ففٹی ثابت ہوئی۔

Share this article

Leave a comment