Friday, 29 November 2024


شاہین آج میدان میں وائٹ واش کے جزبے سے اترنے کے لیے تیار

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل بدھ کو ابوظبی میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس نے کمزور حریف کوآہنی شکنجے میں جکڑنے کی تیاری مکمل کرلی، پلیئرز ایک اور کلین سوئپ کیلیے پُرعزم ہیں، ٹوئنٹی20 کی کارکردگی ون ڈے میں بھی دہرانے کا سنہری موقع مل گیا۔

ان فارم ٹاپ آرڈر بیٹنگ ناتواں مہمان بولنگ کا ایک بار پھر امتحان لینے کیلیے تیار ہے، جسے شرجیل خان، بابر اعظم، شعیب ملک اور سرفراز احمد کی جارحیت کا توڑ کرنا ہوگا، محمد رضوان کی جگہ عمر اکمل کو آزمائے جانے کا امکان ہے، وطن واپس آنے والے محمدعامر کا خلا پُرکرنے کیلیے رومان رئیس مضبوط امیدوار ہیں۔

اندرونی اختلافات کا شکار نظر آنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کیلیے شکست کی کھائی سے نکلنا محال نظر آنے لگا،اوپنر کریگ بریتھ ویٹ کو ڈراپ کرکے ایون لوئیس کو موقع دیا جا سکتا ہے، الزاری جوزف پلیئنگ الیون میں برقرار رہیں گے۔ پاکستانی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے تیسرے ون ڈے میں بھی مہمانوں کے ساتھ بے رحمانہ سلوک کا عندیہ دیا ہے، انھوں نے کہاکہ سیریز جیتنے کے باوجود سہل پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، عالمی رینکنگ میں ٹاپ 4 میں جگہ بنانا ہدف ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹوئنٹی20میچز میں ورلڈ چیمپئنز کو 3-0سے کلین سوئپ کرنے کے بعد شارجہ میں پہلا ون ڈے111 اور دوسرا 59 رنز سے جیتا، اب بدھ کوتیسرے میچ میں کامیابی ٹیم کو عالمی رینکنگ میں نویں سے آٹھویں نمبر پر آنے کا موقع فراہم کرے گی،انگلینڈ میں ناقص کارکردگی کے بعد یواے ای میں میزبان ٹیم کی حالیہ فتوحات مستحکم ٹاپ آرڈر کی مرہون منت ہیں۔ پہلے میچ میں صفر اور دوسرے میں9رنز بنانے والے کپتان اظہر علی کے سوا تمام بیٹسمین اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، شرجیل خان دوسرے مقابلے میں ایک خراب اسٹروک پر وکٹ گنوانے سے قبل بہترین فارم میں نظر آئے، بابر اعظم نے دونوں میچز میں سنچریاں جڑتے ہوئے کیریبیئنز کی ناک میں دم کیا، شعیب ملک اور سرفراز احمد بھی جدید کرکٹ سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے اچھے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنا رہے ہیں

Share this article

Leave a comment