Friday, 29 November 2024


ویسٹ انڈین ٹیم مینیجر نے انتشار کی خبروں کو مسترد کردیا

ایمز ٹی وی (کھیل) جوئیل گارنر نے ویسٹ انڈین کیمپ میں انتشار کا الزام مسترد کردیا، ٹیم منیجر کا کہنا ہے کہ ڈیوائن براوو کا بیان گمراہ کن ہے، پاکستان کیخلاف پوری تیاری کیساتھ میدان میں اترے۔

تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈرڈیوائن براوو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے شکستوں کو ویسٹ انڈین ٹیم میں انتشار کا شاخسانہ قرار دیا تھا، ان کے مطابق مینجمنٹ اور کھلاڑی ذہنی طور پر غیر حاضر اور اسکول کے بچوں کی طرح دکھائی دے رہے تھے، میٹنگز میں بھی کوئی چیز مثبت دکھائی نہیں دی، ٹیم کی روانگی سے قبل ہیڈ کوچ فل سمنز کو فارغ کیے جانے سے پلیئرز کا مورال گر گیا۔

منیجر جوئیل گارنر نے انتشار کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ڈیوائن براوو کے بیان پر مایوسی ہوئی لیکن حیرت نہیں، مہمان کیمپ میں کوئی بدنظمی نہیں،کیریبیئنز متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں پاکستان کا سامنا کرنے کے لیے پوری تیاری کرکے آئے تھے، کوچز اور معاون اسٹاف نے اپنے کردار سے انصاف کرتے ہوئے ہر کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر مستعد بنانے کی ہر ممکن کوشش کی، پریکٹس سیشنز میں مہارت بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کیا گیا، حریف ٹیم کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔

بارباڈوس میں 10اور 11ستمبر کو جسمانی اسکریننگ اور فٹنس ٹیسٹ بھی کیے گئے، تیاری کے تمام مراحل میں ٹوئنٹی20اور ون ڈے کپتانوں کے ساتھ کوچنگ اسٹاف سے مشاورت بھی کی گئی،کنڈیشنز کی تبدیلی سے مطابقت حاصل کرنا کبھی آسان نہیں ہوتا، اسی لیے مہمان ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی لیکن انتشار سے متعلق ڈیوائن براوو کا بیان حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے۔

Share this article

Leave a comment