Friday, 29 November 2024


مقامی منڈیوں کی طلب میں سست روی، سیمنٹ کی کھپت میں اضافہ محدود

ایمز ٹی وی (تجارت) عیدالاضحی کے باعث مقامی منڈیوں کی طلب میں سست روی نے سیمنٹ کی کھپت میں اضافے کو محدود کر دیا جس سے ستمبر 2016میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں سال بہ سال صرف 3.55 فی صد اضافہ دیکھا گیا تاہم سیمنٹ کی برآمدات میں 11.79 فیصد کا اضافہ ہوا، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ گزشتہ 15 ماہ سے زائد عرصے میں برآمدات مقامی فروخت سے زیادہ رہیں۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ سیمنٹ کی مقامی فروخت 2 فیصد اضافے کے ساتھ 2.536 ملین ٹن، برآمدات سال بہ سال 11.79 فیصد اضافے کے ساتھ 0.523ملین ٹن رہیں جس کے نتیجے میں ستمبر میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.55 فیصد بڑھ کر 3.059 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔

گزشتہ ماہ افغانستان کے لیے برآمدات 2 فیصد کے اضافے سے 0.228 ملین ڈالر ہوگئیں تاہم بھارت کو ایکسپورٹ میں 101 فیصد تک کا نمایاں اضافہ ہوا جو ستمبر 2015کی 0.055ملین ٹن سے بڑھ کر ستمبر 2016 میں 0.112 ملین ڈالر ہو گئیں۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سیمنٹ کی فروخت میں 9.5 فیصد کا اضافہ ہوا،اس دوران برآمدات 3.03 فیصد بڑھیں، اس طرح جولائی سے ستمبر تک سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 8.33 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، اس مدت میں سیمنٹ کی صنعت کی 79 فیصد صلاحیت کو استعمال کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 7 فیصد زائد ہے۔

Share this article

Leave a comment